خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نوازشریف کی وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ سےملاقا ت

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے منصوبے اقتصادی راہداری میں شامل کرنے کا جائزہ لیا جائے گا ‘ پانی و بجلی سے متعلق معاملات کو مل کر حل کیا جائے ‘ یقین ہے وزیر اعلیٰ سندھ صوبے کی ترقی کیلئے کوشاں رہیں گے ‘ سندھ کے عوام کی بہبود کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ جمعہ کو وزیر اعظم نوا زشریف سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقا ت کی جس میں وزیر اعظم نے مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم نوا زشریف سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ ملاقات میں سندھ سے متعلق مختلف امو رپر تبادلہ خیال کیا گیا اور صوبے کی مجموعی صورتحال ‘ کراچی میں امن و امان سے متعلق بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومت کے منصوبے اقتصادی راہداری میں شامل کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے وزارت پانی و بجلی سے متعلق بعض معاملات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا اور وزیر اعظم نے سیکرٹری پانی و بجلی کو وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پانی و بجلی سے متعلق معاملات کو مل کر حل کیا جائے۔ یقین ہے کہ وزیر اعلیٰ صوبے کی ترقی کیلئے کوشاں رہیں گے۔ سندھ کے عوام کی بہبود کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہمیشہ ہمیں تعاون فراہم کیا۔ یقین ہے کہ آئندہ بھی وزیر اعظم اور وفاق کی حمایت حاصل رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھرکول منصوبے پر وزیر اعظم کی مکمل حمایت پر مشکور ہیں کیونکہ وزیر اعظم کی ذاتی دلچسپی کے باعث تھرکول منصوبے کا آغاز ہوا ہے۔ اقتصادی راہداری پر عمل درآمد کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور وزیر اعلیٰ سندھ نے اقتصادی راہداری میں کچھ منصوبے شامل کرنے کی تجویز دی ۔ ۔۔۔(رانا)