خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نوازشریف کےاعتماد کےاظہارکاشکریہ ادا کرتا ہوں: مسعود خان

اسلام آباد: (آئی این پی) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسعود خان اپنے وسیع تجربے کو کشمیری عوام کی بہبود کیلئے صرف کریں گے‘ توقع ہے مسعود خان منتخب حکومت کی بہتر گورننس کیلئے رہنمائی کریں گے۔ جمعہ کو وزیراعظم محمد نواز شریف سے آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے مسعود خان کو آزاد کشمیر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے مسعود خان اپنے وسیع تجربے کو کشمیری عوام کی بہبود کے لئے صرف کریں گے۔ پیشہ وارانہ کیریئر کی نسبت مسعود خان کی آئینی ذمہ داریاں زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ مسعود خان منتخب حکومت کی بہتر گورننس کیلئے رہنمائی کریں گے۔ اداروں کو مضبوط اور آزاد کشمیر کے عوام کی سماجی اور اقتصادی حالت بہتر بنائیں گے۔ امید ہے مسعود خان تعلیم و صحت کے شعبوں میں اصلاحات کیلئے آزاد کشمیر حکومت کی معاونت کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر حکومت کے اہداف کے حصول کے لئے مکمل تعاون کرے گی۔ ہم عوام کی خدمت پر مکمل یقین رکھتے ہیں ہم اپنے ترقیاتی ایجنڈے کو آزاد کشمیر تک وسعت دیں گے۔ مسعود خان کو مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی کی بہتر وکالت کے لئے پلیٹ فارم حاصل ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی اخلاقی ‘ سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے اعتماد کے اظہار پر شکریہ ادا کرتا ہوں میں اپنی تمام تر توانائیاں آزاد کشمیر کی عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کرونگا وزیراعظم کے ویژن اور پالیسیوں پر عمل درآمد کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑونگا ۔(ن غ)