خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نواز شریف (آج)لندن سے وطن واپس پہنچیں گے

لندن (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف لندن سے (آج) ہفتہ کو وطن واپس پہنچیں گے انہیں لندن سے واپس لانے کے لئے خصوصی طیارہ بھی لندن بھجوایا جارہا ہے‘ وزیراعظم نواز شریف 22مئی کو لندن گئے تھے جہاں ان کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی‘ وزیراعظم کو ڈاکٹروں نے اب سفر کی اجازت دیدی ہے اور وزیراعظم کے اصرار پر انہیں ہوائی سفر کی اجازت دی گئی ہے‘ وزیراعظم کے لندن میں قیام کے دوران بجٹ کی بھی منظوری دی گئی اور وزیراعظم نے بجٹ کی منظوری کے لئے کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت بھی لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے کی تھی جبکہ ان کی عدم موجودگی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار متحرک انداز میں حکومت امور چلاتے رہے جبکہ ان کی بیٹی مریم نواز بھی غیر رسمی طور پر حکومتی امور انجام دیتی رہیں اور انہوں نے احسن طریقے سے اپنے فرائض انجام دیئے۔ جبکہ غیر ملکی سفیر بھی مریم نواز سے ملاقاتیں کرکے وزیراعظم کی صحت یابی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے رہے۔ وزیراعظم نواز شریف کو ملنے کے لئے عید سے ایک روز قبل حمزہ شہبا زاور سلمان شہباز بھی لندن گئے جو اب وزیراعظم کے ہمراہ وطن واپس آئیں گے۔ وزیراعظم کی لندن سے عید سے قبل واپسی کی خواہش تھی تاہم ڈاکٹروں نے انہیں اس کی اس وقت اجازت نہیں دی تھی ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف لندن سے لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے جہاں پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ‘ وفاقی وزراء اور پارٹی کے دیگر رہنما ان کا استقبال کرینگے۔ وزیراعظم ایئرپورٹ سے سیدھے رائے ونڈ چلے جائیں گے جہاں وہ اپنی والدہ سے ملاقات کرینگے جس کے بعد وہ پیر کو اسلام آباد آجائینگے۔