خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نواز شریف آج وطن واپس پہنچیں گے: خاندانی ذرائع

لندن:(آئی این پی )خاندانی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف آج برطانوی وقت کے مطابق صبح نو بجے لوٹن ایئرپورٹ سے وطن واپس روانہ ہوں گے۔ فلائٹ کا شیڈول بھی کنفرم کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو میں دعاؤں پر قوم کا شکریہ ادا کیا۔ اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان نے بھی نواز شریف کی آج واپسی کی تصدیق کی ہے۔ وزیر اعظم لندن سے براہ راست لاہور پہنچیں گے۔ وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی کا شیڈول کنفرم ہوتے ہی ان کی واپسی سے متعلق کئی روز سے جاری تمام چہ میگوئیاں بھی دم توڑ گئیں ہیں۔ ادھر لندن کے چرچل ہوٹل میں وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ کی ایک گھنٹہ طویل ملاقات میں اہم فیصلے کئے گئے۔