خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورہ کے اختتام پروطن واپس

مدینہ منورہ ۔ (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف سعودی فرما نروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی دعوت پر سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورہ کے اختتام پر یہاں ہفتے کو واپس وطن روانہ ہوگئے۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نے ’’نارتھ تھنڈر‘‘ فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں دیگر سربراہان مملکت کے ہمراہ شرکت کے علاوہ سعودی فرمانروا سے بھی ملاقات کی ۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورخارجہ طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔بدھ کو سلطنت سعودی عریبیہ پہنچنے پرشاہ سعود ایئرپورٹ پر شاہی خاندان کے اراکین سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان اوردیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم محمد نواز شریف کا استقبال کیا۔ ’’نارتھ تھنڈر‘‘فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب جمعرات کو منعقد ہوئی جس میں دوران پروازہدف کو نشانہ بنانے،ٹینکوں کی نقل وحرکت اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعہ فضائی حملے کی عکاسی کی گئی جس میں مشقوں میں شریک فوجی دستوں نے حصہ لیا۔ پاکستانی افواج نے بھی فوجی مشقوں میں حصہ لیا۔ ان فضائی مشقوں کا آغاز شمالی مشرقی سعودی عرب میں واقع شاہ خالد ملٹری سٹی میں رواں سال 14 فروری کو ہوا تھا جس میں 21عرب اور مسلم ممالک کی افواج کے مختلف شعبوں جن میں توپ خانہ، ٹینکوں، انفینٹری اورفضائی دفاع کے نظام کے ساتھ ساتھ بحری افواج کے شعبوں نے حصہ لیا۔ ’’نارتھ تھنڈر‘‘ دنیا کی سب سے بڑی فوجی مشقیں تھیں جن میں اتنی بڑی تعداد میں افواج نے حصہ لیا۔تمام برادر ممالک کے مابین ہونے والی ان فوجی مشقوں میں دہشت گرد گروپوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے افواج کی تربیت پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دورے کے دوران وزیراعظم محمد نواز شریف نے جمعرات کی شام شاہ خالد ملٹری سٹی کے شاہی محل میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورخارجہ سید طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ پرتپاک اوردوستانہ ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران تبادلہ خیال میں شاہ سلمان بن عبدالعزیزالسعود نے مشترکہ فوجی مشقوں میں شرکت کی دعوت قبول کرنے پر وزیراعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین تعاون اورمفاہمت کو فروغ ملے گا اور دونوں ممالک کے مابین بھائی چارے پر مبنی موجودہ تعلقات مستحکم ہونگے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے سعودی فرمانروا کا سعودی عرب کی مضبوط اور مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا جبکہ دونوں ممالک کے مابین بالخصوص کاروباری ، معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زوردیا۔ مشترکہ فوجی مشقوں کی کامیاب تکمیل کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان فوجی مشقوں سے 21 اسلامی ممالک کی افواج کویکجا ہونے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ان میں اتحاد پیدا ہوگا اور دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم کے گیسٹ ہاؤس پہنچے اور انہیں شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کیلئے شاہی محل لے کر گئے ۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں بھی شرکت کی ۔ جمعہ کو وزیراعظم نے ’’نارتھ تھنڈر‘‘فوجی مشقوں کے اختتام پر 21اسلامی ممالک کے فوجی دستوں کی پریڈ کا معائنہ کیا۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ پریڈ کے معائنے کیلئے 21ممالک سے آئے رہنماؤں نے بھی شرکت کی ۔ اسلامی ممالک کے یہ رہنما خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی دعوت پر سعودی عرب آئے ہوئے ہیں۔ اپنے قومی پرچم اٹھائے مختلف ممالک کے فوجی دستوں نے مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان واحد ملک تھا جس کے لڑاکا طیاروں نے فضائی کرتب دکھائے جن میں جے ایف 17 تھنڈر طیارے اور شیر دل فارمیشن کے نام سے معروف قراقرم 8 لڑاکا طیاروں نے فضائی مظاہرہ پیش کیا۔ پاکستانی ایس ایس جی کمانڈوز کے چھاتہ برداروں نے پریڈ کے دوران عملی مظاہرہ پیش کیا۔ پاکستانی کمانڈوزنے تمام 21ممالک کے پرچم تھامے ہیلی کاپٹرز سے چھلانگیں لگائیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے حفرالباطن شہر میں سعودی فرما نروا اور21ممالک کی قیادت کے ہمراہ شاہی مہمان خانہ کی مسجد میں نماز جمعہ ادا کی ۔ اپنے دورہ کے اختتام پر وزیراعظم نے روضہ رسولؐ پربھی حاضری دی اورمسجد نبویؐ میں نوافل ادا کئے۔ وزیراعظم کے ہمراہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے بھی مسجد نبویؐ میں عشاء اور فجر کی نمازیں ادا کیں اور پاکستان کی ترقی ، سلامتی اورخوشحالی کیلئے دعائیں کیں۔ بعد ازاں وزیراعظم تین روزہ دورہ کے اختتام پر مدینۃ المنورہ سے وطن واپس روانہ ہوگئے۔ مدینہ ایئرپورٹ پرمدینہ کے ڈپٹی گورنر عبدالمحسن المنیف اوراعلیٰ حکام نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔