خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگرکیا: ڈاکٹر آصف کرمانی

اسلام آباد ۔(اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے۔ پیر کو یہاں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست تحمل، برداشت اور رواداری کا نام ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں ترقی اور خوشحالی لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا نام ترقی، خوشحالی اور استحکام کی علامت ہے۔نواز شریف کا نام ترقی، خوشحالی، مضبوط معیشت اور موٹر وے ایکسپریس وے کے میگا پراجیکٹس کا نام ہے۔ نواز شریف نے پاکستان کو تاریکیوں سے نکال لیا ہے اور ملک روشنیوں کی جانب رواں دواں ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی روشنیوں سے آزاد کشمیر کے عوام بھی خوشحال اور روشن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حکمرانوں کا یوم حساب قریب ہے۔ آصف کرمانی نے کہا کہ روز محشر اﷲ تعالیٰ کی عدالت لگے گی، یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور جن لوگوں نے اچھے کام کئے ان کا اعمال نامہ دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا اور جنہوں نے برے کام کئے، ان کا نامہ اعمال بائیں ہاتھ میں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک عدالت چند مہینوں بعد یہاں لگنے والی ہے جو عوام کی عدالت ہے۔ اس دن مسلم لیگ (ن) کا نامہ اعمال عوام کے دائیں ہاتھ میں اور آزاد کشمیر حکومت کا نامہ اعمال بائیں ہاتھ میں ہوگا۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف دن کو بھی سوچتے ہیں اور رات کو بھی سوچتے ہیں۔ وہ ہر وقت عوام کی فکر کرتے ہیں۔ کشمیریوں سے ان کی محبت ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جسے ماضی کے حکمرانوں نے کولڈ اسٹوریج میں پھینک رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بہت جلد کشمیریوں کی حکومت آنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گالیاں دی گئیں لیکن ہم نے برداشت کیا اور جب بھی ہم نے ان کی کرپشن اور بددیانتی کی نشاندہی کی تو آگے سے گالیاں ملیں۔ میرے اور ہمارے سینئر رہنماؤں کے بارے میں غلط باتیں کی گئیں۔ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت نے کوئی فلاحی کام نہیں کیا۔ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔ آخر میں انہوں نے حاضرین ورکرز کنونشن کے ہمراہ پاکستان زندہ باد، کشمیر زندہ باد، تحریک آزادی زندہ باد، مسلم لیگ (ن) زندہ باد اور نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے۔