خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نواز شریف کا عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف نے پاناما لیکس کے دباؤ اور شدید گرمی کے باوجود عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ کل مولانا فضل الرحمان کی دعوت پر ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے پاناما لیکس اور الزامات کے جواب میں اپوزیشن کو سیاسی میدان میں ٹف ٹائم دینے کے لئے عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کل مولانا فضل الرحمن کی دعوت پر ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جب کہ ایک دن کے وقفے سے 19 مئی کو گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے جہاں پاک چین اقتصادی راہداری کے حصے آپٹیکل فائبر منصوبے کے افتتاح کے بعد اجتماع سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف 20 مئی کو سوات میں اپنے خاندان کی طرف سے تحفے کے طور پر 10 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے گئے اسپتال کا افتتاح کریں گے اور جلسہ سے بھی خطاب کریں گے۔ پاناما لیکس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے بھی اپنے سیاسی مخالفین کو ٹف ٹائم دینے کے لئے عوامی رابطہ مہم شروع کر دی تھی جس کے تحت پہلے انھوں نے مانسہرہ میں عوامی جلسے سے خطاب کیا پھر کوئٹہ میں صحت کارڈ کا اجرا کیا اور پھر بنوں میں عوامی جلسے سے خطاب کیا۔