خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نواز شریف کی اطالوی وزیر خارجہ پاؤلو جینٹی لونی سے ملاقات

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ورثہ میں ملنے والے متعدد چیلنجوں کے باوجود موجودہ حکومت کی مربوط کوششوں سے معیشت کے تمام بڑے شعبوں میں صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، پاکستان طویل المدتی اقتصادی استحکام کی شاہراہ پر گامزن ہے اور اپنی بے پناہ صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لا رہا ہے جس سے یقیناً ملک کے عوام، خطے اور بالعموم دنیا کے لئے امن اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یہ بات اطالوی وزیر خارجہ پاؤلو جینٹی لونی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملک اور عوام کو درپیش توانائی کے مسئلہ پر قابو پانے کے لئے مضبوط قومی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں، مثبت اقتصادی اشاریئے معیشت کی بحالی کیلئے ہماری کوششوں کے غماز ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت نے دہشت گردی کو قطعی طور پر برداشت نہ کرنے کی حکمت عملی اختیار کی ہے اور جاری آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک اور محفوظ ٹھکانوں کو کامیابی سے تباہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اور بھتہ خوروں کے خلاف آپریشن کے نتیجے میں شہر میں امن بحال ہوا ہے، امن و امان کی بہتر صورتحال اور کاروباری دوست ماحول سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ پاؤلو جینٹی لونی نے ہر ممکنہ معاونت کی پیشکش کرتے ہوئے پاکستان میں انتہاء پسند نظریئے کے خلاف جنگ کی قیادت کرنے پر وزیراعظم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہمسایوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ اور افغانستان میں امن و استحکام کی بحالی کے لئے کوششیں نہایت قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت زیادہ مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹلی اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے ایک ارب ڈالر کے موجودہ حجم میں نمایاں اضافے کی ضرورت ہے۔ اطالوی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کے ترقی پسند اصلاحاتی ایجنڈے اور اقلیتوں و خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کے لئے اٹھائے جانے والے انتظامی اور قانونی اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو اطالوی وزیراعظم کے آئندہ دورہ پاکستان کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفینو پونٹے کوروہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔