خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نےآزاد کشمیرکےانتخابات کیلئےناموں کی منظوری دیدی

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے بطور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور چیئرمین پارلیمانی بورڈ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات 2016ء کے لئے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی‘ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار آزاد کشمیر میں ترقی‘ خوشحالی اور روشنی کا منشور عوامی خدمت اور گڈ گورننس کا ایجنڈا لے کر کشمیری عوام کے پاس جائیں۔ منگل کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و چیئرمین پارلیمانی بورڈ وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات 2016ء کے لئے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی ‘ ممبر پارلیمانی بورڈ ‘ سیکرٹری کوآرڈینیشن نے پارلیمانی بورڈ کے ممبران کی سفارشات پر مبنی رپورٹ وزیراعظم نواز شریف کو لندن ارسال کی تھی جس کی گزشتہ روز وزیراعظم نے منظوری دی۔ وزیراعظم نے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کی کامیابی کی دعا کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار آزاد کشمیر میں ترقی‘ خوشحالی اور روشنی کا منشور عوامی خدمت اور گڈ گورننس کا ایجنڈا لے کر عوام کے پاس جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں صحت‘ تعلیم‘ بہترین سڑکوں کا نیٹ ورک‘ دیگر جدید انفراسٹرکچر ‘ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور آزاد کشمیر کو عالمی سطح کا منفرد اور جدید سیاحتی مرکز بنانا میری اولین ترجیح ہے۔ ان اقدامات سے تحریک آزادی کشمیر کو تقویت ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ انشاء اﷲ مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار انتخابات میں اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے آزاد کشمیر کے عوام اور ان کے بچوں کی زندگیوں میں ترقی‘ خوشحالی اور روشنیاں لائیں گے اور ان کے بہترین مستقبل کے لئے گڈ گورننس اور مثالی عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر ان کی مشکلات اور محرومیوں کے خاتمے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں وقف کریں گے۔ وزیراعظم نے سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) سردار سکندر حیات خان‘ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور ان کی ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی فہم و فراست اور سیاسی تجربہ مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدواروں کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ مسلم لیگ (ن) کو بڑی تعداد میں ٹکٹ کے لئے درخواستیں موصول ہوئی تھیں جو مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میرے وہ ساتھی جو اس دفعہ ٹکٹحاصل نہ کرسکے وہ بے مثال اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی کے لئے بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے اور مسلم لیگی بھائیوں کی کامیابی کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 01 ڈھڈیال سے چوہدری مسعود خالد‘ ایل اے 02 چک سواری سے نذیر انقلابی ‘ ایل اے 03میرپور شہر سے چوہدری محمد سعید‘ ایل اے 04کھڑی سے چوہدری رخسار احمد‘ ایل اے 05برنالہ سے کرنل (ر) وقار احمد‘ ایل اے 06 سماہنی سے راجہ مقصود احمد خان‘ ایل اے 07 بھمبر شہر سے چوہدری طارق فاروق‘ ایل اے 08 کوٹلی شہر سے ملک محمد یوسف‘ ایل اے 09 نکیال سے محمد فاروق خان‘ ایل اے 10سہنسہ سے راجہ محمد نصیر‘ ایل اے 11 چڑھوئی سے راجہ محمد اقبال‘ ایل اے 12 کھوئی رٹہ سے راجہ نثار احمد خان‘ ایل اے 13دھیر کوٹ سے راجہ افتخار ایوب‘ ایل اے14وسطی باغ سے مشتاق منہاس‘ ایل اے 15 مشرقی باغ سے سردار میر اکبر خان‘ ایل اے 16حویلی سے چوہدری محمد عزیز‘ ایل اے 17عباس پور سے چوہدری محمد یاسین گلشن‘ ایل اے 18ہجیرہ سے سردار خان بہادر خان‘ ایل اے 21پلندری سے ڈاکٹر محمد نجیب خان‘ ایل اے 22بلوچ سے فاروق احمد طاہر‘ ایل اے 23نیلم سے شاہ غلام قادر‘ ایل اے 24کوٹلہ سے نورین عارف‘ ایل اے 25لچھراٹ سے چوہدری شہزاد محمود‘ ایل اے 26 مظفر آباد سے سید افتخار گیلانی‘ ایل اے 27کھاوڑہ سے راجہ عبدالقیوم‘ ایل اے 28چکار سے راجہ محمد فاروق حیدر خان‘ ایل اے 29لیپہ سے ڈاکٹر مصطفی بشیر‘ ایل اے 31 جموں 2سے چوہدری محمد اسماعیل‘ ایل اے32جموں 3 سے چوہدری محمد اسحاق ‘ ایل اے 34 جموں 5 جاوید اختر‘ ایل اے 35جموں 6 سے راجہ محمد صدیق‘ ایل اے 36 ویلی 1سے محمد نعیم خان ایڈووکیٹ‘ ایل اے 37 ویلی 2سے غلام عباس میر‘ ایل اے 38ویلی 3سے سید شوکت علی شاہ‘ ایل اے 39ویلی 4سے اسد علیم شاہ اور ایل اے 40ویلی 5سے احمد رضا قادری کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ جبکہ ایل اے 19راولاکوٹ شہر‘ ایل اے 20تھوراڑ‘ ایل اے 30جموں 1‘ ایل اے 33جموں 4 اور ایل اے 41ویلی 6 سے امیدواروں کی نامزدگی کی ابھی تک منظوری نہیں دی گئی۔ ان حلقوں پر امیدواروں کے ناموں کی منظوری بعد میں دی جائے گی۔ (ن غ)