خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نےالیکشن کمیشن کا ٹاسک وزیرخزانہ کودیدیا

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے معاملے پراپوزیشن سے مشاورت کا ٹاسک وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو دے دیا، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کے حوالے سے مشاورت اور جلد ملاقات پر اتفاق کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے معاملے پر اپوزیشن سے مشاورت کا ٹاسک وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو دے دیاہے اس سلسلے میں بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور بتایا کہ الیکشن کمیشن ارکان سے متعلق وزیراعظم سے میری تفصیلی بات ہوئی ہے، وزیراعظم نواز شریف بیمار ہیں اس لئے وہ خودآپ سے مشاورت نہیں کر سکتے،انہوں نے مجھے یہ ٹاسک سونپا ہے۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کے حوالے سے میرے پاس بھی چند نام ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے معاملے پر مزید مشاورت کیلئے ملاقات پر اتفاق کیا ہے جو آئندہ 24 سے 48گھنٹوں میں ہوگی۔(اح)