خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نےلندن میں سیاسی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا

لندن (آئی این پی) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے لندن میں اپنے سیاسی رفقاء اور مشاورتی ٹیم کے ارکان سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور اب تک ان کی واحد سیاسی ملاقات3 دن قبل وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی سے ہوئی جبکہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف لندن روانہ ہو چکے ہیں اور آئندہ چند روز میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال بھی لندن جا کر وزیراعظم کی عیادت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی جو گزشتہ دنوں برطانیہ کے نجی دورے پر تھے کی وزیراعظم نواز شریف سے تین دن قبل اس روز وزیراعظم کے ہارلے کلینک میں ملاقات ہوئی، جس شام وزیراعظم نواز شریف ہسپتال سے گھر منتقل ہوئے اور اس ملاقات کا انکشاف وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا تھا، آپریشن سے قبل اور آپریشن کے بعد وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز دونوں صاحبزادے حسن نواز، حسین نواز اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف مسلسل وزیراعظم نواز شریف کے پاس موجود رہے، خیال کیا جاتا ہے کہ اس دوران شہباز شریف سے وزیراعظم کی مختصراً سیاسی امور پر مشاورت بھی ہوتی رہی، وزیراعظم کے خاندان کے علاوہ اب تک ان کی سیاسی ملاقات صرف عرفان صدیقی سے ہوئی ہے جبکہ وزیراعظم کا اپنے قریبی رفقاء سے لندن سے اپنے عملے کے ذریعے رابطہ ہے ۔ دریں اثناء وزیر دفاع خواجہ آصف (آج) لندن روانہ ہو گئے ہیں وہ 3 دن تک لندن قیام کریں گے اور ان کی وزیراعظم سے ملاقات ہو گی جس میں وہ ان کی عیادت کرنے کے علاوہ ملکی صورتحال پر بھی بات چیت کریں گے جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی برطانیہ جانے کے پروگرام بنا رہے ہیں اور اس بات کا امکان ہے کہ 22جون کو قومی اسمبلی سے بجٹ پاس ہونے کے بعد یہ وزراء برطانیہ جائیں گے۔وزیراعظم کے قریبی ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کی طرف سے ہوائی سفر کی اجازت ملتے ہی وزیراعظم نواز شریف پاکستان آئیں گے اور اس بات کا امکان ہے کہ اس ماہ کے آخری ہفتے میں وزیراعظم کی وطن واپسی متوقع ہو سکتی ہے، دریں اثناء وزیراعظم نے ان غیر ملکی سربراہوں اور سیاسی قائدین اور رہنماؤں کا ان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کے پیغامات بجھوانے پر ان کا شکریہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا سلسلہ جلد شروع کر دیا جائے گا۔(اح+ط س)