خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نے خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق قومی پالیسی کیلئے 11رکنی کمیٹی قائم کردی

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق قومی پالیسی 2016 تشکیل دینے کے لئے 11رکنی کمیٹی قائم کردی جس کا اعلان 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کیا جائے گا‘ کمیٹی کے کنوینئر ماحولیاتی تبدیلی کے وفاقی وزیر زاہد حامد خان ہونگے جبکہ کمیٹی کے ارکان میں وزیر مملکت برائے قومی صحت و ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن سارہ افضل تارڑ ‘ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن احمد خان‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی خواجہ ظہیر احمد جبکہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قانون اشتر اوصاف علی جبکہ ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر شیزرہ منصب علی خان کھرل‘ رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک‘ سینیٹر عائشہ رضا فاروق‘ پنجاب میں خواتین کی ترقی کی سیکرٹری ارم بخاری جبکہ وزیراعظم آفس کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر اعجاز منیر اور سیکرٹری کابینہ ڈویژن شامل ہوں گے۔ وزیراعظم آفس نے تمام فریقین اور ڈبلیو ٹی او میں مستقل مشن کی مشاورت سے ورکنگ پیپر تیار کیا ہے۔ ورکنگ پیپر میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے قومی اور عالمی تقاضوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ کمیٹی اپنی حتمی سفارشات تیار کرکے منظوری کے لئے پانچ مارچ تک وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ یاد رہے کہ آٹھ مارچ کو خواتین کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس پر خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق قومی پالیسی 2016ء کے اعلان کیا جائے گا۔ (ن غ)