خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نے فاٹا اصلاحات متعلق تمام جماعتوں کو مدعو کرلیا: شیخ آتاب

وزیراعظم نے فاٹا اصلاحات متعلق تمام جماعتوں کو مدعو کرلیا: شیخ آتاب
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فاٹا اصلاحات بل پر اتفاق رائے کیلئے تمام پارلیمانی جماعتوں کے لیڈروں کو جمعہ کو ناشتے پر مدعو کرلیا ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ فاٹا کا معاملہ اہم ہے، پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار بل ایجنڈے پر لانے کے بعد واپس لے لیا گیا، یہ بل اس حالت میں اگر متفقہ پاس ہوتا تو عوام کا پیغام جاتا کہ اہم ایشوز پر آج بھی پارلیمنٹ میں اتفاق ہے اور اہم کام پارلیمنٹ سے ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کا احترام کرتے ہیں، ہم نے کبھی نہیں چاہا کے روسٹرم کے سامنے کھڑے ہو کر احتجاج کریں، شور شرابے سے مسائل حل نہیں ہوتے، ہم پارلیمنٹ کے وقار کی بحالی کیلئے احتجاج کر رہے ہیں، ہمارا آج کا واک آؤٹ پارلیمنٹ کی بے توقیری کے خلاف ہے، یہ بل واپس لایا جائے، جب تک یہ واپس نہیں آتا ہم حصہ نہیں بنیں گے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ جب بل واپس لیا گیا تو اس پر احتجاج کے بعد عبدالقادر بلوچ اور طارق فضل چوہدری کے ہمراہ ہم وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پاس گئے اور ان سے اس معاملے پر تفصیل سے بات ہوئی۔ وزیراعظم آج ترکی کے دورے پر جارہے ہیں اور وہ جمعرات کو ترکی سے واپس آئیں گے۔ جمعہ کی صبح ساڑھے نو بجے وزیراعظم نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو ناشتہ پر مدعو کیا ہے تاکہ افہام و تفہیم کے بعد یہ بل ایوان سے منظور کرایا جائے۔