خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نے69 غیرملکی دورے کیے،63 کروڑخرچ ہوئے

اسلام آباد: (اے پی پی) وزیراعظم نوازشریف نے اپنے غیرملکی دوروںپرعوام کے پیسے سے63کروڑ (630ملین) روپے خرچ کرڈالے، مقامی سفری اخراجات اس سے بھی زیادہ اوردل دہلانے والے ہیں۔ حکومت نے وزیراعظم کے دورہ سکھرپر ایئرکنڈیشنر، فوڈاور دیگرانتظامات پر20ملین روپے خرچ کیے جب انھوں نے گزشتہ ہفتے سکھرمیں موٹروے پروجیکٹس کی بنیاد رکھی تھی۔ وزیراعظم نے اپنے 69غیر ملکی دورے کیے، انھوںنے اکیلے سفرنہیںکیاان کے سرکاری وفود میں631افراد شامل تھے جنھوں نے عوام کی کمائی پر پیسے اڑائے، وزارت خارجہ نے6 غیرملکی دوروں کی تفصیلات فراہم نہیں کیں اورکہاکہ ان اخراجات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ اعداد و شمارسے ظاہرہوتاہے کہ وزیراعظم کا پسندیدہ ترین ملک امریکاہے انھوں نے امریکاکے18 دورے کیے۔ میڈیا رپورٹس میںان کے تمام دوروں کی تفصیلات دی گئی ہیں جن ممالک کا دورہ کیا گیا ان میںبرطانیہ، چین، سعودی عرب، بحرین، ترکی، افغانستان، ترکمانستان، کرغزستان، تاجکستان، متحدہ عرب امارات، ازبکستان، مالٹا، فرانس اورچین شامل ہیں۔ رواں سال وزیراعظم نے سعودی عرب، سوئٹزرلینڈاورایران کادورہ بھی کیاجس پرقومی خزانے سے60ملین خرچ کیے گئے اور2دفعہ برطانیہ کادورہ بھی کیا، رپورٹ میںبرطانیہ میںعلاج پراٹھنے والے اخراجات کا ذکرنہیں ہے۔ وزیراعظم نے اپنے پہلے دورہ چین پر20ملین روپے خرچ کیے جوجولائی2013میں کیاگیا بعد ازاں انھوں نے دورہ ہانگ کانگ پر2ملین روپے خرچ کیے، ترکی کے 4روزہ دورے پر4ملین خرچ آیا، اسی طرح2013 میںانھوںنے امریکا اوربرطانیہ کادورہ کیاجس پرقومی خزانے سے90ملین خرچ آیاپھرانھوںنے اکتوبر میںبرطانیہ کادورہ کیاجس پر15 ملین خرچ کیے گئے، دورہ سری لنکا پر 26.7 ملین روپے خرچ کیے، وزیراعظم نے تھائی لینڈ،افغانستان اور میانمارکابھی دورہ کیاجس پرقومی خزانے سے8ملین خرچ کیے۔