خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کا ایجوکیشن ریفارمزملک بھر میں تعلیمی انقلاب کی طرف ایک قدم ہے:طارق فضل

اسلام آباد :(اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا ایجوکیشن ریفارمز پروگرام ملک بھر میں تعلیمی انقلاب کی طرف ایک قدم ہے، سکولوں کی تعمیر نواور جدید سہولیات کی فراہمی بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول مہیا کرنے کیلئے ہے۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں جمعرات کو اکیڈمک اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا ایجوکیشن ریفارمز کا بنیاد ی مقصد بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق نہ صرف سکولوں کی عمارتوں کی تعمیر نو اور تزئین آرائش کا کام جاری ہے بلکہ ان سکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی نظامت تعلیمات کے ماتحت 2300 نئے اعلیٰ تعلیمی یافتہ اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا جائیگااور اساتذہ کی مسلسل تربیت کو اُن کے کیریئر اور ترقی کے ساتھ منسلک کیا جائیگاتاکہ اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں کو نکھارکراعلیٰ معیار کے مطابق کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین استاد ہی بہترین تعلیم اور تربیت کا ضامن ہوسکتا ہے۔لہذا اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیاں اور اُن کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ اب تک 22 سکولوں کی اَپ گریڈیشن کا کام مکمل ہوچکا ہے ۔ دوسرے مرحلہ میں مزید 200 اسکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا کام جاری ہے جبکہ کے تیسرے مرحلہ میں بقایا 200 اسکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سارے کام کو 12 سے 18 ماہ کا وقت میں مکمل کردیا جائے گا۔