خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کا سعودی عرب میں مشکلات کا شکارپاکستانیوں کےمعاملےکا نوٹس

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم نوازشریف نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات اور انہیں تنخواہیں نہ ملنے سے متعلق خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستانی سفارت خانے کو ان کی مدد کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں مشکلات کا شکار تمام پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کی جائے اور سفارت خانے میں خصوصی مرکز قائم کیا جائے۔ ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی سفارت خانہ ہم وطنوں کی مشکلات دور کرنے کے لئے کام کررہا ہے جب کہ سفارت کاروں نے ان سے بات بھی کی ہے اور مسائل بھی معلوم کئے ہیں، وزیر اعظم کے نوٹس پر پاکستانی شہریوں کے واجبات بھی جلد ہی مل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لئے خصوصی سیل بنادیا گیا ہے اور مشکلات سے دوچار پاکستانی سیل سے رابطہ کرسکیں گے۔