خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کا نام پانامہ لیکس میں دوردورتک نہیں: پرویز

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا نام پانامہ لیکس میں دور دور تک نہیں ہے، اپوزیشن سیاسی انتقام اور شکست کا بدلہ لینا چاہتی ہے، عمران خان جس لہجے میں ہم سے سوال کرتے ہیں اسی طرح اپنے رفقاء سے بھی پوچھیں۔پیر کو پانامہ لیکس کے دوسرے انکشافات پر رد عمل دیتے ہوئے سینیٹرپرویز رشید نے کہا کہ اپوزیشن کا مقدمہ پہلے دن سے ہی جھوٹے الزامات پر بنایا گیا، وزیراعظم نواز شریف کا نام پانامہ لیکس میں دور دور تک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پانامہ لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہے، اپوزیشن سیاسی انتقام اور 2013 کے الیکشن میں شکست کا بدلہ لینا چاہتی ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2018 کے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی، عمران خان جس لہجے میں ہم سے سوال کرتے تھے اسی طرح اپنے رفقاء سے بھی پوچھیں، امید ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی طرف دوسرے بھی اپنے اعمال کا حساب قوم کے سامنے پیش کریں گے۔(اح)