خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کا نیواسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح اگلےسال چودہ اگست کو کرنیکا اعلان

اسلام آباد: (اے پی پی) اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ہوا بازی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو ملک کے مختلف ایئرپورٹس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ نیو اسلام آبادایئر پورٹ کا افتتاح آئندہ سال 14 اگست کو کروں گا۔ جدید سہولیات سے آراستہ نیا اسلام آباد ایئرپورٹ ایک مثالی ایئرپورٹ ہوگا۔ منصوبے کی تکمیل میں عالمی معیارات پر سختی سے عمل کیا جائے اور اسلام آباد راولپنڈی میٹرو بس سروس کو نیو ایئرپورٹ کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا 82 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ ایئرپورٹ کا کام مختص مالی وسائل کے اندر مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم کو علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور کے توسیعی منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔