خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کوخصوصی طیارے سےوطن واپس لانےپرعدالت جانےکااعلان:عمران خان

پسرور:(اے پی پی) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے لندن سے وزیراعظم نوازشریف کو پی آئی اے کے خصوصی طیارے میں وطن واپس لانے پر عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔ پسرور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے نوازشریف کو لینے کے لیے پی آئی اے کے خصوصی طیارے کو لندن بھیجنے کے معاملے پر وزیراعظم کے خلاف پیر کو عدالت درخواست دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام پر مہنگائی کا بوجھ ہے تو دوسری جانب حکمران بادشاہوں کی طرح رہ رہے ہیں اور ٹیکس کے پیسے سے جو عوام کا خون نچوڑ کر نکالا جاتا ہے اس پر یہ حکمران شاہانہ زندگی گزاررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے قوم کا جو پیسہ لوٹ کر باہررکھا ہوا ہے وہ ان سے واپس لیا جائے جب کہ کسانوں کا جو معاشی قتل نوازشریف نے کیا وہ آج تک کسی نے نہیں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ہمیں پورا زور لگانا ہوگا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن صاف اور شفاف ہوں اور اگر یہاں شفاف الیکشن نہیں ہوتے تو ہم کس منہ سے مقبوضہ کشمیر کو یہ کہیں گے کہ وہاں الیکشن شفاف نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کے حکمران قوم کا پیسہ لوٹ کر باہر لے جائیں اور اسے مقروض کردیں وہ ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا، ملک قرضوں پر چل رہا ہے اور اس کی قیمت عام آدمی ٹیکس کی مد میں ادا کرتا ہے جب تک پاکستان آزاد اور خوددار ملک نہیں بنتا تب تک کشمیر کا فیصلہ نہیں ہوسکتا۔ سیالکوٹ میں علامہ چو ک پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ملک میں لاقانونیت ہے اور انصاف کہیں نہیں مل رہا جب کہ کرپشن اس وقت ہمارے ملک کو قرضوں میں ڈبورہی ہے، وزیراعظم کے بیٹے پاکستان سے زیادہ برطانیہ میں ٹیکس دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم میاں صاحب کے ساتھ نیب کو بھی نہیں چھوڑے گے اور نیب کے آفس کے باہر مظاہرے کریں گے کہ وہ نوازشریف جیسے طاقتور لوگوں پر ہاتھ ڈالنے کے بجائے کمزوروں پر ہاتھ ڈالتی ہے۔