اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء جہانگیر ترین اور پارٹی ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی چیئرمین نیب کو تنبیہ ’’الٹاچورکوتوال کو ڈانٹے‘‘ کے مترادف ہے،وزیراعظم کہتے ہیں کبھی جھوٹ نہیں بولااور مشرف سے کی گئی ڈیل سے انکار کرتے رہے، اداروں کو تنبیہ کرنے کی بجائے وزیراعظم اپنی ذمہ داری پوری کریں۔وہ منگل کو وزیراعظم نواز شریف کے بیان پر رد عمل دے رہے تھے۔تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کی چیئرمین نیب کو تنبیہ ’’الٹاچورکوتوال کو ڈانٹے‘‘ کے مترادف ہے،وزیراعظم کہتے ہیں کبھی جھوٹ نہیں بولا، مشرف سے کی گئی ڈیل سے انکار کرتے رہے،وزیراعظم نے جان بچانے کیلئے جھوٹ کا سہارا لیا اور جدہ کے پیلس میں پناہ لی۔ تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ اداروں کو تنبیہ کرنے کی بجائے وزیراعظم اپنی ذمہ داری پوری کریں،وزیراعظم نواز شریف نے کسانوں سے جھوٹے پیکج کا اعلان کیاہے۔(اح)