خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کیلئےملک بھرمیں دعائیہ تقریبات

لاہور(آئی این پی ) عالمی رہنماؤں نے وزیر اعظم نواز شریف کی جلد صحتیابی کے پیغامات بھیجے ہیں ، ملک بھر میں بھی دعائیہ تقریبات اور بکروں کے صدقات کا سلسلہ جاری ہے ۔ شوبز شخصیات نے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف کیلئے عالمی رہنمائوں کی جانب سے نیک خواہشات کے پیغامات ، ترک صدر طیب اردوان نے وزیر اعظم کو ٹیلی فون کیا ۔ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے بھی وزیر اعظم نواز شریف کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے لندن سے نریندر مودی کو فون کیا ۔ وزیر اعظم مودی نے انہیں جلد صحتیابی کی دعا دی ۔ وزیر اعظم نے خیریت دریافت کرنے پر بھارتی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیر اعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے پوری قوم سراپا دعا ہے ۔ سب رب کائنات کے حضور ان کی صحت اور لمبی عمر کیلئے دعائیں کر رہے ہیں ۔ گورنر ہاؤس لاہور میں خصوصی تقریب میں وزیر اعظم کیلئے دعا کی گئی ، تعلیمی اداروں میں بھی دعائیہ تقریبات ہوئیں ۔ شوبز سے وابستہ مشہور شخصیات نے وزیر اعظم نواز شریف کی صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ ملک بھر میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم برادری بھی وزیر اعظم کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لئے رحیم یار خان ، خان پور ، صادق آباد سمیت مختلف شہروں میں بکروں کا صدقہ دیا گیا ، خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں ۔