خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کی انقرہ دہشتگردی واقعے کی شدید مذمت

اسلام آباد:(اے پی پی)وزیراعظم نواز شریف کی انقرہ میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت،جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا،کہتے ہیں دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام ترک بھائیوں کے ساتھ ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں دہشتگردی کے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم ہاوس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے ترکی میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام ترک بھائیوں کے ساتھ ہے۔ وزیراعظم نے جاں بحق افراد کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشتگردی مشترکہ خطرہ ہے،اس سے نمٹنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے،دہشتگردی دنیا میں کہیں بھی ہو ہم اس کے خلاف ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے تمام ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔