خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس پی آئی اے کی کارکردگی پربریفنگ

اسلام آباد:(آئی این پی)وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت پی آئی اے کے امور پر اہم اجلاس ہوا جس میں پی آئی اے کے حصص اور انسانی وسائل کے مجوزہ اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعظم ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، سیکرٹری ایوی ایشن اور دیگر اعلٰیٰ حکام نے شرکت کی ۔ وزیر اعظم کو پی آئی اے کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پی آئی اے کا مقامی مارکیٹ میں حصہ 47 سے بڑھ کر 58 فیصد ہوگیا ہے ۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں پی آئی اے کا حصہ 23 سے بڑھ کر 27 فیصد تک ہوگیا ۔ پی آئی اے کی یومیہ فلائٹس 94 سے بڑھ کر 121 تک پہنچ گئی ہیں ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مارچ میں 5 لاکھ 8 ہزار 453 مسافروں نے پی آئی اے پر سفر کیا ۔ پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نئے تنظیمی ڈھانچے کی منظوری دے دی ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مرکزی ریزرویشن آفس کراچی سے اسلام آباد منتقل کر دیا ہے ۔