خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، امام کعبہ کی خصوصی شرکت

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، امام کعبہ کی خصوصی شرکت

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس جاری ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دورہ پاکستان پر آئے امام کعبہ خصوصی طور شریک ہیں، اجلاس میں امام کعبہ کے تشریف لانے پر کابینہ ارکان نے کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جارہا ہے جس میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کی تعداد میں اضافہ بھی شامل ہے۔

جب کہ اجلاس میں کوئٹہ میں ڈرگ کورٹ کے قیام پرغور ہوگا اور پی اے آر سی، چائنا یونیورسٹی میں تکنیکی معاونت کے معاہدے کی منظوری زیرغور آئے گی۔

اجلاس کے دوران پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے بورڈ آف گورنرز کی دوبارہ تشکیل کا معاملہ زیر غور آئے گا اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 16 اکتوبر کے فیصلوں کی وفاقی کابینہ توثیق کرے گی۔

ڈپٹی چیف سوئی سدرن کی این ایچ اے میں ڈیپوٹیشن میں توسیع کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے جب کہ بلغاریہ کے ساتھ دوہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے معاہدے، پاکستان، ملائیشیا میں اقتصادی تعاون، پاکستان اورموزمبیق میں دفاعی تعاون پر بھی مشاورت ہوگی۔