خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کی زیر صدار ت کابینہ کمیٹی کا اجلاس،نواز شریف کی رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ فوری کم کرنے کی ہدایت

سلام آباد(ملت آن لائن) وزیراعظم محمد نوازشریف نے رمضان میں بجلی کی پیداوار میں اضافے کے بروقت انتظامات نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور ماہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ فوری کم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی زیرصدارت توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو مسلسل دوسرے روز بھی منعقد ہوا جس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے اجلاس کو ملک میں دستیاب بجلی کے استعمال پر بریفنگ دی جبکہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی کی موجودہ طلب و رسد کے حوالے سے درست اعداد و شمار اکٹھے کئے جائیں۔ بجلی کی طلب و رسد سے متعلق آئندہ 12 سے 36 ماہ کے درست اعداد و شمار اکٹھے کئے جائیں۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ تھرڈ پارٹی آڈٹ ہر ذریعے گردشی قرضے کا ازسرنو تعین کیا جائے۔ آڈٹ کے ذریعے ایندھن کی ادائیگیوں لائن لاسز اور دیگر حقائق کا جائزہ لیا جائے۔ توانائی شعبے کے اہم امور پر فیصلہ سازی کے لئے صوبائی نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے۔ اجلاس میں کراچی سمیت سندھ کے بعض علاقوں میں جاری بجلی کی بحرانی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ کراچی کو بجلی کی سپلائی میں تعطل کی وجوہات پر وزارت پانی و بجلی کے حکام نے بریفنگ دی۔ رمضان میں بجلی کی پیداوار میں اضافے کے بروقت انتظامات نہ کرنے پر وزیراعظم نے ناراضگی کا اظہار کیا اور ماہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ فوری کم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔