خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کی نااہلی پرالیکشن کمیشن کو نوٹس جاری

لاہور(اے پی پی)لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کے لیے درخواست پر فیصلہ نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں ۔ لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس شاہد وحید نے سید اقتدار حیدر کی درخواست پر سماعت کی جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف درخواست پر فیصلہ نہ کرنے کے اقدام جو چیلنج کیا گیا ہے ۔ درخواست میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نواز شریف آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے اس لیے ان کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست دی ۔ درخواست میں بتایا گیا کہ وقت گزرنے کے باوجود الیکشن کمیشن نے درخواست پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی حالانکہ پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد نواز شریف وزیر اعظم کے عہدے کے اہل نہیں رہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کو وزیر اعظم کی نااہلی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا جائے ۔ لاہور ہائی کورٹ نے درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے ۔