خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کی واپسی تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد:(آن لائن) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف پارلیمانی آداب و روایات سے ناواقف ہیں ، انہیں ایوان میں دیئے جانے والے بیان کی اہمیت کا علم ہی نہیں ، اب وزیر اعظم کے ایوان میں خطاب پر جرح کریں گے ۔ سینیٹر اعتزاز احسن کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس میں پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف ، مسلم لیگ ق ، عوامی مسلم لیگ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جب تک وزیراعظم ایوان میں نہیں آتے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن احتجاج اور واک آؤٹ کا سلسلہ جاری رکھے گی ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کو پارلیمنٹ کے آداب اور روایات کا علم ہی نہیں ۔ وزیر اعظم پارلیمنٹ کے آداب و روایات سے ناواقف ہیں انہیں ایوان میں دیئے بیان کی اہمیت کا علم ہی نہیں ۔ وزیر اعظم اب جو پارلیمنٹ میں بیان دیں گے اس پر جرح کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دور حکومت کے وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف تواتر سے پارلیمنٹ اجلاس میں شریک ہوتے تھے ۔