خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کےعلاج کا تمام خرچہ ان کے بیٹوں نے کیا، پرویز

لاہور:(اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے لندن میں ہونے والے علاج کا تمام خرچہ ان کے بیٹوں نے برداشت کیا ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات کا وزیراعظم نوازشریف کوعلاج کے بعد لندن سے وطن واپس لانے والے طیارے کے حوالے سے کہنا تھا کہ ایک فلائٹ پر40 کروڑ کا خرچہ آخرکیسے آ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ استحقاق کے باوجود وزیراعظم نے اپنے علاج کے اخراجات سرکاری خزانے سے نہیں لیے اور ان کے لندن میں ہونے والے علاج کا تمام خرچہ ان کے بیٹوں نے برداشت کیا۔ پاناما لیکس کے حوالے سے پرویزرشید کا کہنا تھا کہ ٹی او آرزمرتب کرنے کے لئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا، اپوزیشن کے صرف 3 ارکان کی سوچ مختلف ہے جب کہ اے این پی اورایم کیوایم بھی ان کے ساتھ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ اپوزیشن بھی اجلاس میں آئے تاکہ ٹی او آرز کے حوالے سے متفقہ رپورٹ مرتب کی جاسکے۔