خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کے اختیارات کسی وزیر کوتفویض نہیں ہو سکتے:اعتزاز احسن

اسلام آباد (آئی این پی) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے اختیارات کسی وزیر کوتفویض نہیں ہو سکتے، وزیراعظم دنیا میں جہاں بھی ہو وزیراعظم ہی ہوتا ہے، وزیراعظم نواز شریف کے جانے سے ملک میں کوئی خلاء پیدا نہیں ہو گا۔ وہ جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیراعظم نواز شریف، صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر داخلہ کے بیرون ملک دوروں پر رد عمل دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی یہاں موجودگی میں بھی ملک کے حالات بہت اچھے نہیں تھے، لہٰذا اب ان کے باہر جانے سے بھی حالات میں کوئی فرق نہیں پڑے گا، آئین کے مطابق تمام وزیر اپنے اپنے محکموں میں کام کرتے رہیں گے، وزیراعظم دنیا میں جہاں بھی ہوں وزیراعظم ہی ہوتے ہیں، اگر کسی فائل پر ان کے دستخط لازمی ہیں تو وہ ان تک پہنچائی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے جانے سے ملک میں کوئی بڑا خلاء پیدا نہیں ہو گا، وزیراعظم یہاں ہوتے ہوئے بھی کون سا پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کرتے ہیں، گزشتہ آٹھ ماہ میں وزیراعظم صرف ایک مرتبہ پارلیمنٹ آئے، نو ماہ سے کیبنٹ کی میٹنگ نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اختیارات کسی وزیر کو تفویض نہیں ہو سکتے۔(اح)