خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کے پاس اخلاقی جواز نہیں رہ گیا، استعفیٰ دیں: راجہ پرویز

اسلام آباد:(آئی این پی ) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا کامران خان کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کے استعفی دینے سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا بلکہ ان کی عزت بڑھے گی۔ نواز شریف کے پاس وزارت عظمیٰ پر رہنے کا اب کوئی اخلاقی جواز نہیں رہ گیا، ان کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپوزیشن کے دوران اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ سابق چیف جسٹس کے دور میں وزیراعظم خود عدالتوں میں چل کر گئے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاناما پیپرزکے الزامات کسی سیاسی جماعت نے نہیں لگائے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے۔ پاناما لیکس میں پیپلز پارٹی نے سکور برابر کرنے کی کوشش نہیں کی۔ دھرنے کے دوران بھی پیپلز پارٹی نے اصولی فیصلہ کیا تھا۔