خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کے چوہدری نثار سے ڈرنے کی بات درست ہے، خورشید

سکھر:(ملت+اے پی پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار سے ڈرنے کی بات درست ہے۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی کے سوال وزیراعظم نواز شریف چوہدری نثار سے ڈرتے ہیں پر تبصرہ کرتے ہوئے خورشید شاہ نے جواب دیا کہ میں آپ کی بات سے متفق ہوں کہ وزیراعظم نواز شریف وفاقی وزیرداخلہ سے ڈرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی تقرری پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر مشاورت کرتے ہیں لیکن وزیرداخلہ نے نیب پر سوالات اٹھا کر اپنے ہی وزیراعظم پرعدم اعتماد کا اظہار کیا ہے جب کہ نواز شریف پر ایک مرتبہ نہیں کئی مرتبہ حملے ہوچکے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کے 4 مطالبات کی منظوری کے لئے جنوری میں پنجاب میں جلسے اور عوامی مہم شروع کریں گے جس کی قیادت بلاول بھٹو زرداری خود کریں گے، چارمطالبات پارٹی کے نہیں عوام کے ہیں،کوشش ہے کہ سسٹم عوام کے ہاتھ میں رہے کسی اور کے ہاتھ میں نہ جائے جب کہ وفاقی حکومت پر بھرپور دباؤ ڈالیں گے تاہم ایسا کچھ نہیں کریں گے جس سے نظام تباہ ہونے کا خدشہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں بلاول اور بختار بھی حصہ لیں گے جب کہ بلاول قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کریں گے اور میں ان کے ایڈوائزر کے طور پر کام کروں گا۔