اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی میں خریداروں کی عدم دلچسپی کے باعث صرف 2 گاڑیاں ہی فروخت ہوسکیں۔
وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم کے تحت وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کا سلسلہ جاری ہے۔
جمعرات کے روز وزیراعظم ہاؤس میں نیلامی کے لیے 18 گاڑیاں پیش کی گئیں جن میں صرف 2 گاڑیاں فروخت ہوسکیں، ان میں 1986 ماڈل کی ایک گاڑی ایک لاکھ 75 ہزار اور سال 2006 ماڈل کی فور بائے فور گاڑی 18 لاکھ 10 ہزار میں فروخت ہوئی جب کہ دونوں گاڑیوں کی فروخت متعلقہ حکام کی منظوری سے مشروط ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی 20 بلٹ پروف گاڑیوں کی نیلامی میں بھی خریداروں نے عدم دلچسپی کا اظہار کیا اور ان گاڑیوں کی نیلامی شروع ہوتے ہی خریدارچلےگئے۔
وزیراعظم ہاؤس کی انتظامیہ کا کہناہے کہ بلٹ پروف گاڑیوں کے لیے وزارت داخلہ کا این او سی درکار ہے، اب 6 نومبر کو گاڑیوں کی نیلامی دوبارہ ہوگی تاہم یہ تاریخ حتمی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں گاڑیوں کی نیلامی مرحلہ وار جاری ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں موجود بھینسیں بھی فروخت کی جاچکی ہیں۔