خبرنامہ پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کی درخواست مسترد

وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کی درخواست مسترد

لاہور:(ملت آن لائن) لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کیلئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لئے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست مقامی شہری اظہر عباس کی جانب سے درخواست دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعلٰی آئینی طور پر ایک ہی وقت میں دو عہدے اکٹھے رکھ نہیں سکتے لیکن اس کے باوجود شہباز شریف وزیراعلیٰ ہونے کے ساتھ ساتھ ماس ٹرانزت اتھارٹی کے شریک چیئرمین بھی ہیں ۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف نے اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی ۔ اس لیے وہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت اپنے عہدے کے لیے اہل نہیں رہے لہذا عدالت میاں شہباز شریف کو نااہل قرار دے ۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کی کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے اس لیے درخواست قابل سماعت نہیں ہے.عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست مسترد کر دی۔ یاد رہے گذشتہ ماہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پارٹی الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ ان کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، جس کے بعد شہبازشریف بلامقابلہ مسلم لیگ ن کے صدر منتخب ہوگئے تھے۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے 21 فروری کو سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارٹی صدارت کے لیے نا اہل قرار دیے جانے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو مسلم لیگ ن کا قائم مقام صدربنایا گیا تھا۔