دبئی:(ملت آن لائن) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے یواے ای کے وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچپسی اورتعاون کے اموراورخطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی یواے ای کے وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات ہوئی ، دونوں وزرا خارجہ نے باہمی دلچپسی اورتعاون کے اموراورخطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے گذشتہ روز وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پرمتحدہ عرب امارات پہنچے تھے جہاں انھوں نےمنعقدہ ’’سربنی یاس فورم ‘‘کے نویں اجلاس میں شرکت کی اور فورم میں شریک رہنماؤں سے ملاقاتیں کی۔
دفتر خارجہ کےترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے فورم میں ملاقاتوں میں خلیجی ممالک کے مابین باہمی تعاون اور امن وامان کی صورتحال پر بات چیت کی۔
یاد رہے اکتوبر کے آخر میں وزیراعظم عمران خان سے یو اے ای کے وفد نے ملاقات کی تھی ، وفد کی قیادت وزیر مملکت سلطان احمد الجبیر نے کی، اس موقع پر وزیر خارجہ، وزیر خزانہ اور اوور سیز کے وزیر بھی موجود تھے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات سے سعودی عرب جیسے پیکج پربات ہوئی ہے، گوادر اور کراچی میں پانی کا بحران حل کرنے پر بات ہوئی ہے، یو اے ای نے اپنے سمندر کے پانی کو قابل استعمال بنایا، یو اے ای کے وفد سے ویزا معاملات بھی آسان بنانے پر مشاورت کی گئی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو چاول، پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات بڑھانے کے بارے میں بات چیت کی ہے۔ ملاقات میں خوراک کی پروسیسنگ کی صنعت میں مشترکہ تعاون پر بھی غور کیا گیا۔