اسلام آباد:(اے پی پی) وزیرداخلہ کے احکامات کے بعد اسلام آباد میں سابقہ اور غیر متعلقہ افسران کی ذاتی ڈیوٹی پر مامور ایف سی اور پولیس کے 311 اہلکار واپس ڈیوٹی پر آگئے۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے ایسے اہلکاروں کی واپسی کے لیے سخت احکامات دیے تھے، ڈیوٹی پرواپس نہ آنے و الے 24 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ وزیرداخلہ نے حکم دیا ہے کہ اگر یہ اہلکار 7 روز میں واپس ڈیوٹی پر نہ آئے تو تنخواہ بند کرکے نوکری سے برخاست کردیا جائے، اور تعین کیا جائے کہ بار بار کی ہدایت کے باوجود اتنے اہلکار کئی سالوں سے سرکاری ڈیوٹی سے کیوں غیر حاضر تھے۔ ترجمان کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ آئی جی اسلام آباد اور ایف سی کمانڈنٹ سےجواب طلبی کی جائے کہ یہ اہلکار سرکاری خزانے سے تنخواہیں کیوں لیتے رہے، ساتھ ہی واضح اور مربوط ضابطہ کار بنایا جائےتاکہ آئندہ کوئی سرکاری افسرحکومتی وسائل اپنے ذاتی استعمال میں نا لاسکے۔