خبرنامہ پاکستان

وزیردفاع کی متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کو تربیتی سہولتوں کی فراہمی کی پیش کش

وزیردفاع کی متحدہ

وزیردفاع کی متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کو تربیتی سہولتوں کی فراہمی کی پیش کش

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر نے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے نو متعین سفیر حماد عبیدابراہیم سالم الزابی کو یو اے ای کی مسلح افواج کو تربیتی سہولتوں کی فراہمی کی پیش کش کردی۔ وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے نو متعین سفیر حماد عبیدابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیر دفاع نے تقرری کے بعد ذمہ داری سنبھالنے پر سفیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ہار کیا۔ ترجمان وزارت دفاع کے مطابق ملاقات کے دوران موجودہ اشتراک کار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور باہمی طورپر دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے خاص طورپر دفاعی صنعت میں اشتراک کار بڑھانے کی تجویز پیش کی، اسکے علاوہ متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کو تربیتی سہولتوں کی فراہمی کی پیش کش بھی کی۔ ترجمان کے مطابق وزیر دفاع نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ان کے دور سفارت میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ نو متعین سفیر حماد ابراہیم سالم الزابی نے پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ پہلے سے موجودہ دوستانہ خوشگوار اور قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں اور عہدے کو بروئے کار لائیں گے۔ وفاقی وزیر دفاع نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور خوشحالی کے لیے صدر خلیفہ بن زائد النہیان کی کوششوں اور وژن کو سراہا جوکہ متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات قابل قدرسٹریٹجک پارٹنرز رہیں گے اور اعلیٰ سطحی رابطوں سے دوطرفہ مثالی تعلقات میں مزید تیزی آئے گی۔