خبرنامہ پاکستان

وزیرریلوےشیخ رشیدنےموہن جودڑوایکسپریس کاافتتاح کردیا

سکھر :(ملت آن لائن) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 100 روزہ ایجنڈے میں ملک میں ٹرینوں کا جال بچھا دوں گا۔

تفصیلات کے مطابق سکھر میں وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے موہن جودڑوایکسپریس کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں سلمان صادق شیخ سمیت دیگرافسران نے شرکت کی۔

موہن جودڑوایکسپریس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ موہن جودڑوایکسپریس روہڑی سےکوٹری تک چلے گی۔

وفاقی وزیرریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے کوسی پیک منصوبے میں اہم کردارحاصل ہوگا، 100 روزہ ایجنڈے میں ملک میں ٹرینوں کا جال بچھا دوں گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں مال ٹرینوں کو دگنا کروں گا، ریلوے کے مزدوروں کومراعات دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جتنی غربت سکھرمیں دیکھی اتنی پاکستان میں کہیں نہیں دیکھی، بڑے لوگوں کے جیل جانے تک کرپشن ختم نہیں ہوگی۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں غریبوں کا ریلوے منسٹرہوں، میری موجودگی میں کسی کچی آبادی کونہیں ہٹایا جائے گا۔

وفاقی وزیرریلوے نے کہا کہ ریلوے میں جہاں کوئی غلطی ہوگی ذمہ دار ڈی ایس ہوگا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ یکم اکتوبرکو وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ غریب کے لیے 100 روپے ٹکٹ کم کرنا پڑا تو کروں گا۔