اسلام آباد (آئی این پی) پاکستا ن اور قطر کے مابین موجود دوستانہ تعلقات کومزید مستحکم کرنے کے لئے وزیرِاعظم نواز شریف اعلیٰ رکنی وفد کے ساتھ 10فروری کو قطر پہنچیں گے ۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی اُن کے ہمراہ ہونگے۔دورے کے دوران دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت مختلف دفاعی شعبہ جات میں تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔اس دورے کو یاد گار بنانے کے لئے پاک فضائیہ کے دو JF-17 Thundersاور دو Super Mushshakطیارے پہلے ہی قطر پہنچ چکے ہیں۔یہ ایک تاریخی موقع ہوگا۔جب پاکستان میں بنائے گئے یہ طیارے پہلی دفعہ قطر کی فضاؤں میں پرواز کریں گے۔وزیرِاعظم پاکستان محمد نواز شریف اور امیرِ قطر تمیم بن حماد الثانی ان دونوں طیاروں کا مظاہرہ دیکھیں گے۔یہ امید کی جاتی ہے کہ اس دورے سے دونوں برادر ممالک میں موجود باہمی تعاون کو نئی جہت ملے گی۔یہاں یہ بات بھی قابلِ بیان ہے کہ پاکستان وہ واحد مسلم ملک جو ایک بین الاقوامی معیار کا حامل لڑاکا طیارہ اور ایک بہترین تربیتی جہاز بنا رہا ہے۔