خبرنامہ پاکستان

وزیر اعظم اور آرمی چیف کی میٹنگ کا کوئی حصہ ریلیز نہیں ہوا: مصدق ملک

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) وزیر اعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کی میٹنگ کا کوئی حصہ ریلیز نہیں ہوا، فوج سے متعلق متنازع خبر سراسر غلط ہے ،سکینڈل کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں بہت جلد ذمہ دار سامنے آ جائیں گے ، اے پی سی سے جو انفارمیشن باہر آئی وہ نہیں آنی چاہیے تھی ۔ منگل کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر تے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کا موقف ہے کہ کوئی خبر لیک نہیں کی گئی یہ خبرسراسر غلط ہے اس کے متعلق ابھی تحقیقات جاری ہیں ، ہماری طرف سے وزیراعظم اور آرمی چیف کی میٹنگ کا کوئی حصہ ریلیز نہیں ہوا ۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ سے پہلے کیمرہ مین کھڑے تھے مگر آڈیو جاری نہیں کی گئی ۔ اے پی سی سے جو انفارمیشن باہرآئی وہ نہیں آنی چاہیے تھی ۔مصدق ملک نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے حکومت پر کوئی الزام عائد نہیں کیا اور نہ ہی خبر کی تصدیق کی ہے،سکینڈل کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں بہت جلد ذمہ دار سامنے آ جائیں گے ۔