اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم حالات سدھارنا چاہتے ہیں تو پٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی اور بجلی و گیس پر لگائے گئے ناروا ٹیکسوں کی فوری واپسی کا اعلان کریں ،وزیر اعظم کا پی آئی اے ملازمین کو للکارنا انتہائی افسوسناک ہے ،وہ اسٹیل مل, پی آئی اے اور دیگر قومی اداروں کو بیچنے کا فیصلہ ترک کر کے ان کی تنظیم نو کے امکانات پر غور کریں ،جمہوریت میں طاقت نہیں فہم و فراست سے معاملات چلائے جاتے ہیں ،آمرانہ روش برقرار رکھی گئی تو بھی نتائج کے ذمہ دار وزیر اعظم ہی ہوں گے ۔پیر کو وزیر اعظم نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ وزیر اعظم کا پی آئی اے ملازمین کو للکارنا انتہائی افسوسناک ہے ،کیا وزیر اعظم نہیں جانتے کہ جمہوریت اختلاف رائے اور پر امن احتجاج کا حق دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعجب ہے کہ جمہوری ملک کا وزیر اعظم معاملات حل کرنے کی بجائے اپنا حق مانگنے والوں کو دھمکیاں دیتاہے ۔ نعیم الحق نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب جمہوریت میں طاقت نہیں فہم و فراست سے معاملات چلائے جاتے ہیں ،وزیر اعظم صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ہو رہے ہیں تو ہم ان کی معاونت کیلئے تیار ہیں ،وزیر اعظم حالات سدھارنا چاہتے ہیں تو پٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی کا اعلان کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اسٹیل ملز سمیت تمام سرکاری اداروں کے ملازمین کو فوری تنخواہیں ادا کریں ،وزیر اعظم بجلی اور گیس پر لگائے گئے ناروا ٹیکسوں کی فوری واپسی کا بھی اعلان کریں اور اس کے علاوہ وزیر اعظم اسٹیل مل, پی آئی اے اور دیگر قومی اداروں کو بیچنے کا فیصلہ ترک کر کے ان کی تنظیم نو کے امکانات پر غور کریں ۔ نعیم الحق نے کہا کہ وزیر اعظم حالات سدھارنے میں سنجیدہ ہیں تو ان نکات پر عمل کریں ،آمرانہ روش برقرار رکھی گئی تو بھی نتائج کے ذمہ دار وزیر اعظم ہی ہوں گے۔(اح)