خبرنامہ پاکستان

وزیر اعظم سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر اعظم نواز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی جس میں ملک بھر میں امن و امان کی مجموعی صورت حال ، کراچی آپریشن اور مصطفی کمال کی پریس کانفرنس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر داخلہ نے وزیر اعظم کو قومی کرکٹ ٹیم کی بھارت میں سیکیورٹی سے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو بھارت میں درپیش خدشات سے بھی آگاہ کیا ، ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ فول پروف سیکیورٹی کے بغیر ٹیم کوٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے بھارت نہیں بھیجا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیر اعظم نواز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک بھر میں امن و امان کی مجموعی صورت حال سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم نواز شریف کو قومی کرکٹ ٹیم کی بھارت میں سیکیورٹی سے متعلق رپورٹ پیش کی اور وزیراعظم نواز شریف کو سیکیورٹی اداروں کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو درپیش خدشات سے بھی آگاہ کیا جس پر پاکستانی ٹیم کی سیکیورٹی کیلئے بھارت سے رابطہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ بھارت پاکستانی ٹیم کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے قومی ٹیم کو مشروط طور پر بھارت بھجوانے کی بھی تجویز دی اور کہا کہ فول پروف سیکیورٹی کے بغیر ٹیم کوٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے بھارت نہ بھیجا جائے۔چودھری نثار نے وزیر اعظم ورلڈ ٹی 20 میں قومی کرکٹ ٹیم کی شرکت کے حوالے سے سکیورٹی معاملات پر بھی اعتماد میں لیا جبکہ کراچی آپریشن پر بھی غورکیا گیا ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں مصطفی کمال کی پریس کانفرنس کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال پر بھی مشاورت کی گئی ۔(اح)