خبرنامہ پاکستان

وزیر اعظم معائنہ کمیشن کا وفاقی نظامت تعلیمات میں غیر قانونی بھرتیوں کا نوٹس

اسلام آباد :(اے پی پی) وزیر اعظم معائنہ کمیشن نے وفاقی نظامت تعلیمات میں غیر قانونی بھرتیوں کا نوٹس لیتے ہوئے سفارش کی ہے کہ غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث محکمے کے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔وزیر اعظم معائنہ کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ معائنہ کمیشن کو درخواست موصول ہوئی کہ وفاقی نظامت تعلیمات نے طے شدہ میرٹ سے ہٹ کر بوگس بھرتیاں کیں ہیں جس سے اہل امیدواروں کی بڑی تعداد متاثر ہوئی ہے ۔جس پر کمیشن نے ابتدائی طور پر نوٹس لیتے ہوئے محکمے کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل رپورٹ اور ذمہ ادروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کو یقینی بنائیں ۔کمیشن کے حکام نے بتا یا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات پر درخواست گذاروں کی آسانی کے لیے ہیلپ لائن 1818کا قیام عمل میں لایا گیاہے ‘اس ہیلپ لائن پر دن کے 24گھنٹے اور ہفتے کے 7دنوں میں کسی بھی سرکاری ادارے میں شفافیت اور کرپشن کے خلاف شکایات کا اندارج ہوسکتا ہے ‘شکایت موصول ہونے کے بعد تین دنوں کے اندر شکایت کا جائزہ اور ادارے کے متعلقہ حکام کا موقف جاننے کے بعد 11رکنی کمیشن انکوائری کی منظوری دیتا ہے جس کے بعد باقاعدہ انکوائری کی جاتی ہے ‘متعلقہ حکام سے بھی پوچھ گچھ ہوتی ہے اور درخواست گذار سے بھی رابطے میں رہتے ہیں ‘انکوائری مکمل کرنے کے بعد اپنی سفارشات پر مشتمل رپورٹ وزیراعظم کو ارسال کر دی جاتی ہے ‘اس فیصلے کے خلاف صرف وزیراعظم کے پاس اپیل ہوسکتی ہے ‘باقی کسی فورم پر یہ فیصلہ چیلنج نہیں ہوسکتا ۔ کمیشن کو یہ بھی اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی سرکار ی محکمے سے ملازمین کی خدمات کسی بھی انکوائری یا امور کے لیے مخصوص وقت کے لیے حاصل کر سکتے ہیں ۔