خبرنامہ پاکستان

وزیر اعظم نے ایف بی آر میں کرپشن اور بد انتظامی کا نوٹس لے لیا

وزیر اعظم نے ایف بی آر میں کرپشن اور بد انتظامی کا نوٹس لے لیا
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی چھٹی کے بعد وزیر اعظم نے محکمہ ٹیکس میں کرپشن اور بدانتظامی کا نوٹس لے لیا۔ سال 2013 سے اب تک کرپشن اور بد انتظامی کی زیر التوا محکمانہ انکوائریوں کی رپورٹ طلب کر لی ۔دنیا نیوز نے وزیر اعظم سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے خصوصی مراسلے کی کاپی حاصل کر لی۔ مراسلے میں چیئرمین ایف بی آر سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر میں کرپشن اور محکمانہ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر زیر التوا انکوائریوں کی رپورٹ فوری فراہم کی جائے اور ایف بی آر میں 2013 کے بعد مختلف کیسز کی پیشرفت سے آگاہی دی جائے۔ مراسلہ میں خاص طور پر گریڈ 20 کے تین ،گریڈ 19 کے ایک اور گریڈ 18 کے چار افسران کا ذکر کیا گیا ہے کہ ان پر کرپشن کے الزامات بارے جو انکوائری ہو رہی تھی اس کا نتیجہ نکلا جبکہ ان کے علاوہ گریڈ سولہ اور اس سے اوپر تمام دیگر افسران کی زیر التوا انکوائریوں کو بھی جلد نمٹانے کا حکم دیا گیا ہے ۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر عوام کا اعتماد بحال کرنے اور بہترین محکمانہ ڈسپلن قائم کرنے کے لئے ضروری ہیں اور محکمے میں کرپٹ افراد کے لئے کوئی جگہ نہیں۔