خبرنامہ پاکستان

وزیر اعظم کا رمضان المبارک میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

وزیر اعظم کا رمضان

وزیر اعظم کا رمضان المبارک میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاور ڈویژن کو اس امر کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے کہ موجودہ بجلی گھروں کے تمام یونٹس فعال رہیں اور رمضان المبارک میں سحر و افطار کے دوران بجلی فراہمی میں کوئی تعطل پیدا نہ ہو۔ انہوں نے یہ بات کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جو منگل کو وزیر اعظم آفس میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وزیر برائے بجلی سردار اویس احمد لغاری، مشیر برائے خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل اور متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دورا ن توانائی کے شعبے سے متعلق امور پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں آئندہ مہینوں خاص طور پر رمضان المبارک کے دوران لوڈ مینجمنٹ منصوبے کا جائزہ لیا گیا ۔ بجلی کے شعبے میں اصلاحاتی ایجنڈے پر غور کرتے ہوئے کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے معیاری انسانی وسائل کے حصول اور وزارت توانائی میں بھرتیوں کے عمل کو صحیح خطوط پر استوار کرنے کے لئے ضروریات کا تخمینہ جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مطلوبہ انسانی وسائل کی بروقت بھرتی کویقینی بنایا جا سکے۔ کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو ہدایت کی لائن لاسز میں کمی اور بجلی کے واجبات کی وصولیوں کو بہتر بنانے کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔