خبرنامہ پاکستان

وزیر اعظم کیخلاف تحریک استحقاق جمع

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) اپوزیشن جماعتوں نے خورشید شاہ کی قیادت میں تحریک استحقاق قومی اسمبلی میں جمع کرائی۔ تحریک استحقاق میں وزیر اعظم کی ایوان میں کی گئی تقریر کا حوالہ دیا گیا اور کہا گیا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے قومی اسمبلی میں بیان اور ان کی جانب سے سپریم کورٹ میں ان کے وکیل کے بیان میں تضاد ہے۔ سپریم کورٹ میں وزیر اعظم کے وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ وزیر اعظم کی پاناما لیکس کے حوالے سے قومی اسمبلی میں کی جانے والی تقریر کو عدالتی کارروائی کا حصہ نہ بنایا جائے۔ ایسی استدعا کا کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعظم نے ایوان میں سچ بیان نہیں کیا۔ اس سے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا لہٰذا معاملے کو فوری طور پر ایوان میں زیربحث لایا جائے اور اس پر ایکشن لیا جائے۔ تحریک پر خورشید شاہ، شاہ محمود قریشی، آفتاب شیر پاؤ، سید نوید قمر، صاحبزادہ طارق اللہ، طارق بشیر چیمہ، غلام احمد بلور اور شیریں مزاری نے دستخط کئے۔