خبرنامہ پاکستان

وزیر اعظم کی سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(ملت آن لائن )وزیر اعظم نوازشریف نے ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کر دی ۔ وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ سیکریٹری پانی و بجلی نے ملک میں جاری بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر بریفنگ دی۔ سیکریٹری پانی و بجلی کا کہنا تھا بھگی اور حویلی بہادر شاہ پلانٹ میں تکنیکی مسئلے کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے۔وزیراعظم نے اجلاس میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا اگر کسی پلانٹ میں خرابی ہے تو اسے دور کرنا بھی آپ کی ذمہ داری ہے۔ادھر وزارت پانی و بجلی اور این ٹی ڈی سی حکام اپنے اپنے اعداد و شمار میں بھی تضاد پایا جا رہا ہے۔ وزارت پانی وبجلی کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاوواٹ جبکہ این ٹی ڈی سی کے مطابق 6 ہزار میگاوواٹ ہے۔وزارت پانی و بجلی کے حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی مجموعی پیداوار 16 ہزار 400 اور طلب 20 ہزار 400 میگا وواٹ ہے جبکہ این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار 15 ہزار 200 جبکہ طلب 21 ہزار 200 میگا وواٹ ہے۔ترجمان این ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ ملک میں پن بجلی کی پیداوار 5 ہزار میگاوواٹ ، آئی پی پیز کی 7 ہزار 700 جبکہ جینکوز کی 2500 میگاوواٹ ہے. وزیر اعظم کی سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت