خبرنامہ پاکستان

وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں: ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان

وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں: ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان

کراچی:(ملت آن لائن) ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، ہم قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے. ان خیالات کا اظہار ایئر چیف نے پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان میں گریجویشن پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے. انھوں نے کہا کہ ہمارے دشمنوں کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ پاک فضائیہ وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے اپنی بھرپور قوت کے ساتھ ہمہ وقت تیار ہے. جے ایف سیونٹین کی ملکی سطح پر تیاری خود انحصاری کی بہترین مثال ہے.
پاک فضائیہ کے سربراہ نے گریجویٹس سے کہا کہ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان سے حاصل کردہ تربیت اور علم آپ کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافے کا باعث بنے گا، آپ کو اپنے پیشہ ورانہ امور اور ذاتی زندگی میں دوسروں کے لئے بہترین مثال بننا ہوگا. ایئر چیف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے اپنی آپریشنل تیاریوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے موثر اقدامات کیے ہیں، ہماری خود انحصاری کی کاوشیں سودمند ثابت ہو رہی ہیں، پاک فضائیہ کی مسلح افواج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے اور ملکی اور علاقائی امن کو بحال کرنے کی کاوشوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغرخان میں 120 ویں کمبیٹ سپورٹ کورس اور 40 ویں بی ایل پی سی کورس کی گریجویشن اور اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کے 10 کیڈ ٹس کی کمیشنگ کی اس تقریب میں‌ ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست بھی موجود تھے۔ اس تقریب میں 9 خواتین کیڈٹس سمیت 47 کیڈٹس گریجویٹ ہوئے، مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس میں برانچ کا نشان اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔