خبرنامہ پاکستان

وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے اپنی تین سالہ کارکردگی رپورٹ صدر مملکت ممنون حسین کو پیش کر دی

شیخو پورہ۔24اپریل(اے پی پی )وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے اپنی تین سالہ کارکردگی رپورٹ صدر مملکت ممنون حسین کو پیش کر دی، سلمان فاروقی نے وفاقی محتسب اعلیٰ کا عہدہ 2013میں سنبھالا تو 75000 شکایات زیر التواء تھیں جس کے پیش نظر سب سے پہلے وفاقی محتسب کے قوانین میں اصلاحات تجویز کی گئیں اور پارلیمنٹ نے ایک نیا قانون منظور کیا کہ ہر شکایت کا فیصلہ 7دن میں کیا جائے گا، 2014کے آخر تک ہر شکایت کا فیصلہ 60دن میں کیا جاتا رہا اور تمام زیر التواء شکایات کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ،2015 میں شکایات کو مزید تیزی سے نمٹانے کا فیصلہ کیا گیا اور اب ہر شکایت کا فیصلہ صرف 45دن میں کر کے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،ان خیالات کا اظہار وفاقی محتسب کے سنیئر لاء ایڈوائزر /کمشنر اوور سیز پاکستانیز حافظ احسان احمد کھو کھر ایڈ ووکیٹ نے ’’اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب نے ملک کے 36اضلاع میں عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے لیے سوئفٹ کمپلینٹ ریزولوشن(ایس سی آر) کے نام سے ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جہاں ہر شکایت کا فیصلہ 15دن میں کیا جا رہا ہے، وفاقی محتسب کے اس انقلابی اقدم کو پاکستا ن سمیت پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے جبکہ حکومت کی منظور ی کے بعد ملک کے تما م اضلاع اور تحصیلوں میں بھی مذکورہ پائلٹ پراجیکٹ کو توسیع دی جائے گی، حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہا کہ وفاقی محتسب کے ادارہ نے تین سالوں میں 2لاکھ 27ہزار شکایات کا فیصلہ کیا جبکہ ان فیصلوں کی اپیل صرف صدر پاکستان کو کی جاسکتی ہے، صدر مملکت سے کی جانے والی اپیلوں کی شرح 0.37فیصد سے بھی کم رہی جبکہ صدر پاکستان کے 90فیصد فیصلوں کو بحال رکھا گیا،انہوں نے کہا کہ وفاقی ادروں کے خلاف جہاں شکایات کی تعداد زیادہ تھی وہاں خصوصی توجہ دے کر شکایات کمشنر مقرر کیے گئے جن میں قومی و صوبائی کمشنر برائے چلڈرن، بیرون ملک پاکستانیوں ، پنشنرز اور فاٹا کے لیے شکایات کمشنر قابل ذکر ہیں،فاٹا میں ایک خاتون سمیت تین شخصیات کو شکایات کمشنر مقرر کیا جہاں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارفاٹا کے لوگ وفاقی اداروں یا پولیٹیکل ایجنٹ کے خلاف شکایات کر سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کی خصوصی ہدایت پر بیرون ممالک مقیم 81لاکھ پاکستانیوں کی شکایات کے ازالہ اور ان کو سہولیات بہم پہنچانے کے لیے پاکستان بھر میں 8 ہوائی اڈوں اسلام آباد، کراچی، لاہور ، کوئٹہ، پشاور، فیصل آباد، ملتان اور سیالکوٹ میں ون ونڈو ڈیسک قائم ہیں جہاں وفاقی ادروں کے افسران 24گھنٹے موجود رہتے ہیں جو تارکین وطن کی شکایات کو ایک ہی چھت تلے فوری حل کر رہے ہیں،بیرون ممالک تمام پاکستانی سفارتخانوں کے سربراہ بھی ہفتہ میں ایک دن عام پاکستانیوں کی شکایات سننے کیلئے موجود رہتے ہیں جبکہ آن لائن سسٹم پر بھی فوری کاروائی ہو رہی ہے اور وہاں سفارتخانوں میں فوکل پرسن بھی مقرر کر دیئے گئے ہیں، حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر وفاقی محتسب نے جیلوں کے نظام کی اصلاح اور قیدیوں کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی خصوصاً قیدی بچوں اور خواتین کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جنہوں نے مختلف جیلوں کے دورئے کر کے بچوں کے لیے سویٹ ہوم قیدیوں کے لیے مفت تعلیم ، مناسب خوراک کی فراہمی خاص طور پر قابل ذکر ہیں ، وفاقی محتسب نے ریٹارڈ ملازمین کی پنشن پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے وفاقی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ملازمین کی پنشن کے کیسز ریٹارمنٹ سے پہلے مکمل کریں اور ان کی تکمیل کے لیے فوکل پرسن مقرر کریں اور اے جی پی آر کو بھی پنشن کیسز تین دن کے اندر نمٹانے کی ہدایت کی، وفاقی محتسب نے سپریم کورٹ کی ہدایت اور متعلقہ قوانین کے تحت مختلف سرکاری اداروں کے نظام میں اصلاح کے لیے متعدد کمیٹیاں تشکیل دے رکھی ہیں جن میں ملک کی نامور شخصیات شامل ہیں ،تھانوں کے نظام اور جیلوں کی اصلاح ، ملازمین کے رہائشی مسائل ، سرکاری افسران کی تربیت،بیرون ممالک پاکستانیوں کے مسائل ، زندگی بچانے والی ادویات کی فراہمی ، ریگو لیٹری باڈیز اور نادار کے بارے میں شکایات کے متعلق کمیٹیاں قابل ذکر ہیں،قبل ازیں خسرہ سے بچوں کی اموات ، پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر، خیر پور میں بس حادثہ میں اموات ، سٹرکوں پر تحفظ ،ا سٹیٹ لائف میں بیمہ رقوم کی عد م ادائیگی ، ڈاکخانہ کے نظام، پمز ہسپتال کی اصلاح، قومی بچت کی کارکردگی ، ای او بی آئی کے تحت ملک بھر میں ملازمین کے ساتھ ناانصافی جیسے مسائل پر رپورٹیں مرتب کی ہیں اور ان کی سفارشات پر عملد درآمد کرایا جا رہا ہے، مذکورہ کمیٹیوں کی رپورٹس سپریم کورٹ ‘حکومت پاکستان کے متعلقہ ادروں کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ کو بھی ارسا ل کی جاتی ہیں تاکہ نظام حکومت میں اصلاح کے لیے قانون سازی میں بھی آسان ہو، انہوں نے بتایا کہ نومبر 2015میں ایشین اومبڈز مین ایسوسی ایشن کی ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ایشیا ء کے 23ممالک کے 82محتسبین اور ان کے نمائندوں نے شرکت کی، کانفرنس کا افتتاح صدر مملکت ممنون حسین نے کیا جس میں وفاقی محتسب اعلیٰ پاکستان محمد سلمان فاروقی کو ایشین اومبڈ زمین ایسوسی ایشن کا اگلے چار سال کے لیے صدر منتخب کر لیا گیا جو پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔