خبرنامہ پاکستان

وفاقی وزیرداخلہ کا ججزکی سیکیورٹی کیلیے نیکٹا کووی آئی پی ڈیسک بنانےکاحکم

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے ججوں کی سیکیورٹی کے لیے نیکٹا کو وی آئی پی ڈیسک بنانے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے سپریم کورٹ اور چاروں ہائی کورٹس کے ججوں کی سیکیورٹی کے لیے نیکٹا کووی آئی پی ڈیسک بنانے کاحکم دیا۔ اجلاس کے موقع پر نادراحکام نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ شناختی کارڈ کی نادرا کی تصدیقی مہم کے پہلے 20 دن میں 7.7 ملین شناختی کارڈز کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ 13 لاکھ شہریوں نے نادرا کے نمبر پر ایس ایم ایس کرکے اپنے کوائف کی تصدیق کی۔ وزیرداخلہ نے ہدایت کی کہ بیرون ملک جانے اور آنے والوں کے لیے منی ڈیکلیریشن فارم متعارف کروایا جائے جس میں انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت سزائیں بھی درج ہونی چاہئیں۔ وزیرداخلہ چوہدری نثار نے نیکٹا کو اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر 25 لاکھ روپے سے 10 لاکھ روپے تک ٹرانزیکشن لانے کی ہدایت کی، یہ اقدامات دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کی پالیسی کا حصہ ہوں گے جو ملک کے تمام ایئرپورٹس کے لیے ہو گی۔