کراچی:(اے پی پی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی جانب سے ہتک عزت کا نوٹس بھجوائے جانے کے بعد وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا ہے کہ مراعاتیں چھپ کر لی جاتی ہیں، خورشید شاہ میڈیا پر خط دکھا کر خود کو پارسا ظاہر کر رہے ہیں۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایڈ ایبل آئل سے متعلق سیمینار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ملازمین کے معاملات حل کرنے کے لیے وزیراعظم نے کمیٹی بنائی تھی جس نے معاملات کافی حد تک حل کردئیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنخواہوں کے معاملات پر بھی کمیٹی نے یقین دہانی کرائی تھی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی حکومت سے مراعاتیں لینے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے رانا تنویر بولے کہ خورشید شاہ جو کچھ کر رہے ہیں وہ خود جانتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں پہلے سیکورٹی مسائل تھے جوکہ اب کافی حد تک حل ہوگئے ہیں، بیرونی ممالک سے سرمایہ کار اب پاکستان کا رخ کررہے ہیں ۔